راولپنڈی() امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں پارٹیوں اور شخصیات کو جھوٹ کی بنیاد پر کھڑا کیا جاتاہے اورجب انہیں موقع ملتا ہے تو نوجوانوں کے لیے کچھ نہیں کرتے، ظلم کا یہ نظام گرا کر ایک عدل وانصاف کا نظام لانا پڑے گا،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فاونڈیشن راولپنڈی کے زیر اہتمام ” بنو قابل انٹری ٹیسٹ” کے لیے آنے والے طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم، الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر عبدالحفیظ،امیر ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی نے بھی خطاب کیا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ملک میں جھوٹ کی بنیاد پرپارٹیاں کھڑی کی جاتی ہیں، شخصیات کو جھوٹ کی بنیاد پر کھڑا کیا جاتاہے اورجب انہیں موقع ملتا ہے تو نوجوانوں کے لیے کچھ نہیں کرتے، ہم نوجوانوں کو کاروبارشروع کرنے کے لیے بلا سود قرض بھی دیں گے، ملک میں32فیصدنوجوان بے روزگار ہیں، حکومت پنجاب سکولوں کو آؤٹ سورس کر رہی ہے، حکومت اپنے حصےکا بوجھ دوسروں پر نہ ڈالے، حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کریںگے ، کوئی ابراہیم اکارڈ کی طرف جانے کا سوچے بھی ناں، حکمران چاہے ٹرمپ کے آگے پیچھے پھرتے رہیں لیکن ہم اسرائیل کو تسلیم نہیں کرسکتے،
حافظ نعیم الرحما ن نے کہا کہ افغانستان کی حکومت غلط میسج دے رہی ، افغان حکومت بھارت پرتکیہ کیے ہوئے ہے، بھارت کبھی بھی افغانستان کا خیر خواہ نہیں ہو سکتا ،افغان حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اعلان کرے کہ ان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہو گی، حافظ نعیم الرحمان نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ 21،22،23 کو مینار پاکستان پہنچیں، ظلم کا یہ نظام گرا کر ایک عدل وانصاف کا نظام لانا پڑے گا، جماعت اسلامی کا اجتماع عام نئے نظام کی طرف ایک تحریک کا آغاز ثابت ہو گا،
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بنوقابل پروگرام شروع کرنے پر الخدمت فاؤنڈیشن کو مبارکباد پیش کر تا ہوں، نوجوانوں نے اس آئیڈے کو سمجھا نوجوان مبارکبادکے مستحق ہیں، بڑی تعداد میں نواجوانوں کی شرکت ثابت کرتی ہے کہ یہ آگے بڑھنا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بنو قابل ٹیسٹ میں بڑی تعداد میں نوجوان شرکت کررہے ہیں، کورسز کرنے والے طلبا کے لیے روزگار کا انتظام بھی کر رہے ہیں، آئی ٹی کمپنیوں کے ساتھ رابطے کرنے شروع کردیئے ہیں،جماعت اسلامی نوجوانوں کو لے کر آگے چلنا چاہتی ہے،
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ملک بھر میں 12 لاکھ نوجوان بنو قابل سے منسلک ہو چکے ہیں، اگلے دو سال میں 20 لاکھ نوجوانوں کو مفت کورسز کرائیں گے، جماعت اسلامی نوجوانوں کو مفت پڑھا سکتی ہے تو حکومت کیوں نہیں؟ جب نوجوانوں کو مواقع نہیں ملیں گے تووہ منفی سرگرمیوں میں ملوث ہیں، ہر شہری ہے حق ہے کہ اسے مفت اور معیاری تعلیم ملے،
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم ڈگری پروگرام اور یونیورسٹیاں بنانے کا بھی پروگرام بنا رہے ہیں۔ایک سمسٹر کی فیس لاکھوں میں ہو تو غریب لوگ کہاں جائیں گے، یہ پروگرام ہر طبقے کے لیے ہے، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نوجوانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی تاکہ وہ آگے بڑھ کر ملک و قوم کی خدمت کرسکیں۔


