اسلام آباد(محمداکرم عابد) پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہاؤسنگ سوسائٹیز کی تجاوزات کی بھرمار ۔قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی داخلہ کا نوٹس ۔ رسائی کے لئے سرکاری شاہرائیں توڑ نے پر جواب طلب کرلیا گیا ۔ہزاروں درخواست گزاروں کو،اربوں روپے کی وصولی کے باوجودپلاٹس گھروں کے قبضے نہ ملنے کا انکشاف ۔
راجہ خرم نوازکی صدارت میں پارلیمینٹ میں منعقدہ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں انکشاف ہوا ہے کہ اسلام آباد کی ہاوسنگ سوسائٹیز نے غیر قانونی طور پر موٹرویز تک رسائی لی ،گیس بجلی پانی کے کنکشنزکے لئے بلااجازت سرکاری شاہرائیں توڑ دی گئیں۔کمیٹی کی جانب سے انتظامیہ اور محکمہ مال کے حکام پر بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔
چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ ایک سوسائٹی کے پانچ ہزار پلاٹس کی وصولیاں پوری کی گئیں مگر اکثریت کو قبضے نہیں ملے ۔ سوسائٹی کی انتظامیہ کی سرزنش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تم کو کس نے کہا کہ پیش نہیں ہوسکے آپ کی سوسائٹی کے ادارے کے سربراہ سے بات ہوئی انھوں نے تسلیم کہا کہ ہم پارلیمینٹ کی کمیٹی میں طلب کرنے پر پیش ہوسکتے ہیں ۔متاثرین اراضیات کی شنوائی کے لئے چار رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہے ۔چیئرمین سی ڈے اے نے اسلام آباد کے بلیوایریا میں فوڈ سٹریٹ سے متعلق آگاہی دی۔اس موقع پر چیئرمین سی ڈے اے اور وزارت قانون کے نمائندہ میں نوک جھونک بھی ہوگئی چیئرمین سی ڈے اے نے طنزاًکہاکہ قانون پڑھا کرو اس پر وزارتی نمائندے نے کہا کہ ہم تو قانون پڑھواتے ہیں ۔