کشمور(حاکم نصیرانی) ڈسٹرکٹ پریس کلب کشمور کے سالانہ انتخابات برائے سال 2026 خوش اسلوبی اور پُرامن ماحول میں منعقد ہوئے۔ انتخابات کی نگرانی معروف سینئر صحافیوں حاکم نصیرانی، غلام فرید جامڑو اور گلشیر احمد چنہ نے کی، انتخابی عمل کو شفاف اور منصفانہ بنانے میں ارکان الیکشن کمیشن نے کلیدی کردار ادا کیا۔

انتخابی عمل کے دوران پریس کلب کے تمام رکن صحافیوں نے بھرپور شرکت کی اور اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔ ووٹنگ کے بعد نتائج کا اعلان کیا گیا جس کے مطابق شفیق احمد مزاری واضح اکثریت سے کامیاب ہو کر سال 2026 کیلئے ڈسٹرکٹ پریس کلب کشمور کے صدر منتخب قرار پائے۔

جنرل سیکریٹری غلام حیدر پیرزادہ، جوائنٹ سیکریٹری فرحان قریشی، آفیس سیکرٹری خداداد میرانی، آڈیٹر دھنی بخش نصیرانی کامیاب قرار پائے۔

ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان کیلئے سبحان کوسو گلزار مغل اور کرپال کیسوانی کو منتخب کیا گیا۔

نتائج کے اعلان کے بعد پریس کلب میں خوشی کی فضا قائم ہوگئی، نومنتخب صدر شفیق احمد مزاری کو صحافی برادری کی جانب سے مبارکباد دی گئی اور پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔

اس موقع پر نومنتخب صدر نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پریس کلب کو فعال بنانے، صحافیوں کے مسائل کے حل اور آزادیٔ صحافت کے فروغ کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

نگران کمیٹی کے ارکان نے انتخابات کے کامیاب انعقاد پر تمام صحافیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نومنتخب قیادت صحافی برادری کے اعتماد پر پورا اترے گی اور پریس کلب کو مزید مضبوط بنائے گی. یاد رہے کہ سینئر نائب صدر راجیش کمار لنڈ نائب صدر انیل کمار بجاج اور لال بہادر بجاج بطور خزانچی بلا مقابلا کامیاب قرار پائے تھے۔