کشمور(حاکم نصیرانی) کندھ کوٹ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ملکیت کے تنازع پرایک سفاک قاتل نے اپنے سوتیلے بھائی اور بھتیجے کو بےدردی سے قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق چار روز قبل پُراسرار طور پر لاپتہ ہونے والے باپ بیٹے کے قتل کا معمہ حل کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین چار روز قبل زورگڑھ سے کندھ کوٹ کی طرف آ رہے تھے کہ شہر پہنچنے سے قبل انہیں لاپتہ کر دیا گیا۔ بعد ازاں مقتولین کی گاڑی اے سیکشن تھانے کی حدود میں واقع ڈگری کالج روڈ سے لاوارث حالت میں برآمد ہوئی، جس پر شبہ مزید گہرا ہو گیا۔

تفتیش کے دوران پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی تو اس نے انکشاف کیا کہ اس نے ملکیت کے لالچ میں اپنے سوتیلے بھائی اور اس کے بیٹے کو قتل کر کے لاشیں قریبی نہر بی ایس گڈو فیڈر میں بہا دی ہیں۔ پولیس کے مطابق لاشوں کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔

مقتولین میں 40 سالہ والدعارف علی گولو اور 14 سالہ بیٹا عشر گولو شامل ہیں ۔ پولیس نے ملزم کو تحویل میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق واقعہ جائیداد کے تنازع کا شاخسانہ ہے، تاہم مکمل حقائق لاشوں کی برآمدگی اور مزید تفتیش کے بعد سامنے آئیں گے۔