کشمور (حاکم نصیرانی) حساس اداروں، رینجرز اور سندھ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بخشاپور کے قریب واقع ایک پرانی رائس مل پر چھاپہ مار کر کروڑوں روپے مالیت کا صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ مواد برآمد کر لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مشترکہ کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں تمباکو، سگریٹ فلٹرز اور سگریٹ کی پیکنگ میں استعمال ہونے والا سامان برآمد کیا گیا، جو غیر معیاری اور انسانی صحت کے لیے خطرناک قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ برآمد کیے گئے مضرِ صحت مواد کی مالیت کا تخمینہ پانچ سے سات کروڑ روپے لگایا جا رہا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ ناقص اور غیر معیاری سگریٹ پیکنگ کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیے جاتے تھے، جس سے عوام کی صحت کو شدید خطرات لاحق تھے۔ کارروائی حساس اداروں کی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی، جس کے بعد رینجرز اور سندھ پولیس نے مشترکہ طور پر پرانی رائس مل کو گھیرے میں لے کر تلاشی لی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ اس نیٹ ورک سے وابستہ افراد کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق مضرِ صحت اشیاء کی تیاری اور ترسیل میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور عوامی صحت سے کھیلنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔


