کشمور (حاکم نصیرانی) بخشاپور ٹاؤن چیئرمین کے گھر پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ، پولیس کی بے حسی، چیئرمین نے پی پی پی کی اعلیٰ قیادت سے رجوع کر لیا۔

گزشتہ شب دیر گئے بخشاپور ٹاؤن چیئرمین محمد عمر ڈومکی کی رہائش گاہ پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں گولیاں گھر کے مرکزی لوہے کے گیٹ کو عبور کرتی ہوئی اندرونی دیواروں سے جا ٹکرائیں۔ واقعے کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

واقعے کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹاؤن چیئرمین محمد عمر ڈومکی نے کہا کہ “میری کسی کے ساتھ کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے، صرف سیاسی اختلافات ہیں، اس کے باوجود یہ حملہ میری سمجھ سے بالاتر ہے۔ میرا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے ہے اور رہے گا، جبکہ ایم این اے کشمور میرے بھائی ہیں، ایسے واقعات مجھے جھکا نہیں سکتے۔

صوبہ سندھ کی حالت زار پر ویڈیو دیکھیں

انہوں نے مزید کہا کہ فی الحال یہ کہنا ممکن نہیں کہ فائرنگ کرنے والے کون تھے، تاہم اس واقعے سے اعلیٰ قیادت کو آگاہ کر دیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں ٹاٶن چیرمین ہوں میرے گھر پر فائرنگ ہوئی معجزانہ طور پر ہم محفوظ اس کے باوجود ایس ایچ او بخشاپور نے رابطہ تک نہیں کیا اور نہ ہی پولیس جائے وقوعہ پر بھیجی۔ پولیس کا میرے ساتھ یہ رویہ ہے تو عام آدمی کا کیا حشر ہوگا؟ پولیس کو چاہیئے کہ واقعے کی صاف شفاف انکوائری کر کے اصل ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائے.