کشمور (رپورٹ حاکم نصیرانی) ڈپٹی کمشنر کشمور ایٹ کندھ کوٹ آغا شیر زمان کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے سوشل پولیٹیکل ڈومین اور ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تینوں تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، رینجرز وِنگ کمانڈر کرنل طلال احمد، ڈی ایس پی سید اصغر علی شاہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور خفیہ ایجنسیوں کے ضلعی سربراہان کے علاوہ وفاقی و صوبائی محکموں کے افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور چیئرمین کوآرڈینیشن کمیٹی آغا شیر زمان نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی سطح پر ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی قائم کی گئی ہے، جس میں پولیس، ایکسائز، خفیہ اداروں کے ضلعی سربراہان، خوراک، زراعت، توانائی، لیبر، سوشل ویلفیئر، وومین ڈویلپمنٹ، اوقاف، زکوٰۃ سمیت دیگر متعلقہ محکمے شامل ہیں۔ کمیٹی کا مقصد غیر قانونی سرگرمیوں کا خاتمہ کرنا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ملکی حالات کو مدِنظر رکھتے ہوئے تمام افسران ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں رہیں۔ دشمن کی جانب سے پھیلائے گئے غلط پروپیگنڈے کا مؤثر اور فوری جواب دیا جائے تاکہ جھوٹی خبروں کے باعث افراتفری پیدا نہ ہو۔

ڈپٹی کمشنر نے کمیٹی کے ارکان پر زور دیا کہ وہ صوبائی ایپکس کمیٹی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے کارروائیوں میں تیزی لائیں تاکہ ان کارروائیوں کی رپورٹس ایپکس کمیٹی کو ارسال کی جا سکیں۔ روزمرہ استعمال کی اشیاء کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے. ڈسٹرکٹ کو آرڈینیشن کمیٹی برائے سوشل پولیٹیکل ڈومین کے تحت اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں شامل اور مصروف رکھا جائے تاکہ وہ صحت مند، متحرک اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب رہیں۔ اس مقصد کے لیے ضلعی سطح پر ہر تحصیل میں کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے، جبکہ اسکولوں میں قرأت، نعت اور تقاریر کے مقابلے بھی کروائے جائیں گے تاکہ ہمارے طلبہ اور نوجوان غلط صحبت اور نشے سے محفوظ رہیں۔اجلاس میں ٹاؤن کمیٹیوں کے چیئرمینوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کوششیں کریں، ضلعی انتظامیہ ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔