اسلام آباد (محمد عالی جاہ خان)
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون ٹو گیس لیکج کے باعث دھماکے پر وزارت داخلہ کی پانچ رکنی انکوائری ٹیم نے تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو ارسال کر دی۔

رپورٹ میں مستقبل میں ایسے واقعات یہ روک تھام کے لیے سخت اقدامات کی سفارشات کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سی ڈی اے کچی بستیوں کا از سر نو سروے کرے اور انہیں ریگولیٹ کرے۔

سفارشات میں کمیٹی نے کہا ہے کہ سخت اقدامات سے غیر قانونی خطرناک تعمیرات کا سد باب ممکن ہوگا تاہم سوئی نادرن کو گیس لوڈشیڈنگ کے حوالے سے احکامات جاری کیے جائیں،

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گیس لوڈشیڈنگ کا شیڈول میڈیا اور سوشل میڈیا پر جاری کیا جائے،
غیر معیاری اور غیر محفوظ سلنڈرز کے خلاف فوری کاروائیاں کی جائیں،

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گیس سلنڈرز کے حوالے سے قوانین کو مزید سخت کیا جائے،

تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ نذر بزدار نے کی جبکہ ضلعی انتظامیہ، جی ایچ کیو، آئی بی اور کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کے نمائندے بھی کمیٹی میں شامل تھے ۔

11 جنوری کو سیکٹر جی سیون ٹو میں گیس لیکج کے بعد دھماکے میں 8 افراد جانبحق جبکہ 12 زخمی ہوئے تھے۔