اسلام آباد (ای پی آئی) دعوت اسلامی کے تحت شب معراج اجتماع فیضان مدینہ جی الیون مرکز اسلام آباد میں منعقد ہوا جہاں اجتماع میلاد کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جبکہ آقائے دو جہاں کی بارگاہ اقدس میں نعت خوانوں نے گلہائے عقیدت کے پھول نچھاور کیے اور قصیدہ معراجیہ بھی پڑھتے رہے جبکہ معراج اجتماع میں بیان دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن حاجی وقار المدینہ عطاری صاحب نے کیا
رکن شوریٰ حاجی وقار المدینہ نے اپنے بیان میں عاشقانِ مصطفیٰ کے قلوب و اذہان کو دین اسلام کی روشنی سے معطر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ہمیں اپنی اور اپنی نسل کی حفاظت کے لیے دین متین پر عمل پیرا ہونا ہے رکن شوری حاجی وقار المدینہ نے واقعہ معراج پر خصوصی بیان فرمایا اور واقعہ معراج کے رموز و اسرار کو اجاگر کیا
حاجی وقار المدینہ نے اجتماع میں سینکڑوں عاشقان رسول کی تربیت کرتے ہوئے مقصد حیات اور محاسبہ نفس پر بہت ذہن دیا انہوں نے کہا کہ ہمیشہ اپنے رب کو راضی کرنے والے کام کرنے ہیں کوئی بھی ایسا کام نہیں کرنا جس سے کسی مسلمان کو اذیت پہنچے چاہے تو زبان سے اذیت ہو یا ہاتھ سے ہم نے کسی کو بھی اذیت دینے کا سبب نہیں بننا.
حاجی وقار المدینہ نے اجتماع میں شریک عاشقان رسول کی تربیت کرتے ہوئے زبان کی احتیاطوں پر بھی ذہن سازی کی اور کہا کہ ہمیشہ ہمیں یہ ذہن میں ہونا چاہیے کہ ہم نے کیا بولنا ہے کب بولنا ہے کتنا بولنا ہے اور کیسے بولنا ہے تاکہ ہم کبھی بھی کسی کی دل آزاری کا سبب نہ بنیں کیونکہ زبان صرف جان لیوا ہی نہیں ہوتی بلکہ بعض اوقات ایمان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہے اس لیے ہمیں زبان پر قابو رکھتے ہوئے ہمیشہ اچھا ہی بولنا ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں چغلی غیبت اور باطنی امراض سے بچنا ہے رکن شوریٰ حاجی وقار المدینہ نے کہا کہ اپنی زبانوں کو ہمیشہ اللہ عزوجل کے زکر سے تر رکھنا ہے ہمیشہ اللہ عزوجل کا ذکر کرتے رہیں ان شاءاللہ عزوجل جھوٹ چغلی غیبت سب سے جان چھوٹ جائے گی.
انہوں نے کہا کہ مسجد میں اپنے دل کو لگا کر رکھیں کیونکہ مومن کا دل تو تو مسجد میں یوں لگتا ہے جیسے مچھلی کا دل پانی میں لگتا ہے ان شاءاللہ عزوجل آپ اپنا دل مسجد میں لگا کر رکھیں گے تو اس سے بھی گناہوں سے بچنے سے آپ کامیاب ہو جائیں گے ساتھ ہی ساتھ واقعہ معراج کی اہمیت اس کے روحانی پہلوؤں اور امت کے لیے اس کے عملی اسباق پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی.بالخصوص نماز کی پابندی اخلاق حسنہ ،صبر ،شکر اور تقوی اختیار کرنے کی تلقین کی گئی.جیسا کہ شب معراج دعا کی قبولیت کی رات ہے تو اس بابرکت موقع پر رکن شوریٰ حاجی وقار المدینہ نے رقت انگیز دعا بھی کروائی اور بالخصوص ملک قوم کی ترقی و خوشحالی امن و سلامتی کی بھی دعائیں کی گئیں اور اس موقع پر غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے لیے بھی دعائیں کی گئیں.
جبکہ اسلام آباد کے نگران مولانا بابر مدنی نے دعوت اسلامی کے شعبہ جات کا تعارف پیش کیا اور بتایا کہ دعوت اسلامی کے شعبہ جات کس طرح پوری دنیا میں دین متین کی خدمت کر رہے مولانا بابر مدنی نے یہ بھی بتایا کہ الحمدللہ عزوجل اس سال دعوت اسلامی کے بورڈ کنز المدارس میں ایک لاکھ 90 ہزار طلبہ و طالبات امتحانات میں حصہ لے رہے اجتماع کے اختتام پر سینکڑوں عاشقان رسول کے لیے کھانے کا اہتمام بھی کیا گیا جبکہ سینکڑوں لوگوں نے روزہ بھی رکھا.


