اسلام آباد(ای پی آئی) میرٹ کی بنیاد پر مقامی اور غیر ملکی اسکالرشپ پروگراموں کے علاوہ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان 2012 سے اپنے نیڈبیسڈ اسکالرشپ پروگرام کے تحت مالی طور پر پسماندہ پاکستانی طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔ اس پروگرام کے تحت اب تک ملک کے مختلف حصوں سے 46,824 ضرورت مند اور مستحق طلباء کو تعلیم حاصل کرنے کے مواقع حاصل ہو چکے ہیں۔

مالی طور پر پسماندہ انڈرگریجویٹ طلباء کے لیے اعلیٰ تعلیم تک رسائی کو بڑھاتے ہوئے یہ پروگرام مکمل ٹیوشن کوریج اور ماہانہ وظیفہ فراہم کرتا ہے۔ طلباء کا انتخاب مالی ضرورت کی بنیاد پر کیا جاتا ہے، پروگرام میں شریک جامعات ادارہ جاتی اسکالرشپ ایوارڈ کمیٹیوں کے ذریعے یہ عمل سرانجام دیتی ہیں۔

صرف سال 2024-25 میں ایچ ای سی نےاس اسکالرشپ پروگرام کے تحت 3,946 وظائف دیے۔ یہ پروگرام پسماندہ نوجوانوں کو بااختیار بناتا ہے اور پورے پاکستان میں معیاری تعلیم، صنفی مساوات، اورعدم مساوات میں کمی، اور پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دیتا ہے۔

اس پروگرام کا مقصد اعلیٰ معیار کی تعلیم کی فراہمی اور اعلیٰ کیریئر کے مواقع کے ذریعے طلباء کی سماجی و اقتصادی حیثیت کو بلند کرنا ہے۔ طلباء کی مالی مشکلات کا ادراک رکھتے ہوئے حکومت پاکستان نے اس اقدام کے تحت ہائر ایجوکیشن کمیشن کو ضرورت مند اور مستحق طلباء کی سہولت کے لیے ذمہ داری سونپی ہے۔