اسلام آباد(ای پیآئی) سینیٹ سیکرٹریٹ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی ہدایات پر جامع کفایت شعاری پروگرام کامیاب ثابت ہوا ہے کیونکہ سینیٹ سیکرٹریٹ نے کفایت شعاری مہم کے تحت 1 ارب 43 کروڑ 60 لاکھ روپے قومی خزانے میں واپس جمع کرا دیئے۔
اعلامیہ کے مطابق سینیٹ کی بچت وزارتِ خزانہ کے مقررہ ہدف سے 500 فیصد زائد رہی کیونکہ مالی سال 2025-26 میں سینیٹ نے اپنے مجموعی بجٹ کا 15.9 فیصد بچایا گیا ہے.
اعلامیہ کے مطابق چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کفایت شعاری کا آغاز اپنے دفتر سے کرتےہوئے مالی نظم وضبط کو ایک مستقل ادارہ جاتی روایت بنا دیا۔
سینیٹ فنانس کمیٹی کے 18 میں سے 17 ترقیاتی و خریداری منصوبے مؤخر کرکے کروڑوں روپے کی بچت کی گئی ہے بھرتیوں، انتظامی اور آپریشنل اخراجات میں نمایاں کمی سے مالی نظم و ضبط کو فروغ ملا ہے،
اعلامیہ کے مطابق سرکاری گاڑیوں کی خریداری کے لیے مختص 6 کروڑ روپے خرچ نہ کیے گئے۔ موجودہ مالی سال میں سینیٹ نے ایک بھی نئی سرکاری گاڑی نہیں خریدی گئی سینیٹ فنانس کمیٹی نے آئندہ مالی سال میں گاڑیوں کی تبدیلی کے فنڈز سے بھی دستبرداری اختیار کر لی ہے اور اس اقدام سے آئندہ مالی سال میں مزید 14 کروڑ روپے کی متوقع بچت ہوگی۔
اعلامیہ کے مطابق سرکاری اجلاسوں میں ضیافت اور ریفریشمنٹ کے اخراجات ختم کر دیے گئے۔ کمیٹی اجلاسوں کو بتدریج ڈیجیٹل اور ورچوئل نظام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ غیر ضروری غیر ملکی دورے معطل، قومی وسائل کے تحفظ کو ترجیح دی گئی اور اس طرح سینیٹ نے مالی نظم و ضبط اور ادارہ جاتی احتساب کی نئی مثال قائم کر دی۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بچایا گیا ہر پیسہ عوام کی امانت ہے۔سینیٹ کی تاریخی بچت شفافیت، جوابدہی اور ذمہ دار حکمرانی کی عکاس ہے کفایت شعاری محض نعرہ نہیں، مؤثر حکومتی طرزِ عمل ہے۔قومی وسائل کے دانشمندانہ استعمال سے سینیٹ نے ریکارڈ مالی بچت حاصل کر لی۔


