کشمور (رپورٹ: حاکم نصیرانی) صوبہ سندھ کے ضلع کشمور میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری "آپریشن نجاتِ مہران” کے دوران اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ آئی ایس آئی، کشمور پولیس اور سندھ رینجرز کی مشترکہ اور مؤثر کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 44 مطلوب ملزمان نے قانون کے سامنے سرنڈر کر دیا۔

اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب ایس ایس پی آفس کندھکوٹ میں منعقد ہوئی جس میں ایس ایس پی کشمور محمد مراد گھانگھرو، ڈپٹی کمشنر کشمور، سندھ رینجرز اور حساس اداروں کے افسران، معززین علاقہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

پولیس ترجمان کے مطابق یہ پیش رفت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مربوط حکمت عملی، مسلسل دباؤ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر اقدامات کا نتیجہ ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کامیابی سے ضلع کشمور میں امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے کی کوششوں کو مزید تقویت ملے گی۔

پریس ریلیز کے مطابق سرینڈر کرنے والے 44 ملزمان کی فہرست بھی جاری کر دی گئی ہے۔ تمام ملزمان کو مقررہ ایس او پیز اور قانونی تقاضوں کے مطابق متعلقہ عدالتوں میں پیش کیا جائے گا جہاں ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع کشمور میں پائیدار امن کے قیام، جرائم کے مکمل خاتمے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ قیام امن کی اس مشترکہ کاوش میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں تاکہ ضلع کو جرائم سے پاک اور پرامن بنایا جا سکے۔