راولپنڈی(ای پی آئی) ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے کام کرنے والی تنظیم ایکو ہوپ ٹرسٹ نے یورپی یونین کے تعاون اور این سی پی سی کے اشتراک سے اپنے فلیگ شپ منصوبے "گرین اسٹریٹ وارئیرز” کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ افتتاحی تقریب اے آر ایل ہارٹیکلچر انسٹی ٹیوٹ، مورگاہ راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔

منصوبے کا مقصد پسماندہ اور محروم طبقات سے تعلق رکھنے والے بچوں کو ماحولیاتی آگاہی، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت اور ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے کے حوالے سے تربیت فراہم کرکے انہیں مستقبل کے ماحولیاتی رہنما اور سماجی تبدیلی کے مؤثر نمائندے بنانا ہے۔

فیلوشپ پروگرام کے پہلے مرحلے میں 25 اسٹریٹ چلڈرن کو شامل کیا گیا ہے، جنہیں چھ سے سات ماہ پر مشتمل تربیتی پروگرام کے ذریعے شہری باغبانی، ماحولیاتی پائیداری اور موسمیاتی لچک کے موضوعات پر عملی مہارتیں سکھائی جائیں گی۔

افتتاحی سرگرمیوں کے دوران بچوں کو کچن گارڈننگ کے حوالے سے جامع تربیت دی گئی، جس میں بہار اور مون سون کے موسم کی فصلوں کی کاشت کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔ شرکاء نے پائیدار باغبانی کے اصول سیکھنے کے ساتھ عملی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیا تاکہ حاصل کردہ علم کو روزمرہ زندگی میں بروئے کار لایا جا سکے۔

ماحولیاتی شعور کو مزید فروغ دینے کے لیے بچوں کو بائیو ڈائیورسٹی پارک کا مطالعاتی دورہ بھی کروایا گیا، جہاں انہیں حیاتیاتی تنوع کے تحفظ، ماحولیاتی نظام کی اہمیت اور ماحول دوست طرزِ عمل کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔

ایکو ہوپ ٹرسٹ کی جانب سے شرکاء میں پودے لگانے کے بورڈز، بیج اور دیگر ضروری تعلیمی و باغبانی مواد بھی تقسیم کیا گیا تاکہ وہ تربیت کے بعد بھی اپنی عملی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔

اس موقع پر تنظیم کے نمائندوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی اقدامات میں شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عملی ماحولیاتی تعلیم اور کمیونٹی کی سطح پر اقدامات نہ صرف بچوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ پسماندہ طبقات میں دیرپا مثبت تبدیلی کا ذریعہ بھی بنتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ "گرین اسٹریٹ وارئیرز” فیلوشپ پاکستان میں ماحولیاتی پائیداری، غذائی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے قومی اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گی۔

ایکو ہوپ ٹرسٹ نے اس منصوبے کی کامیابی کے لیے یورپی یونین، این سی پی سی، اے آر ایل ہارٹیکلچر انسٹی ٹیوٹ اور دیگر شراکت دار اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ماحول دوست اور جامع مستقبل کی تعمیر کے عزم کا اعادہ کیا۔