اسلام آباد(ای پی آئی) چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت، جسٹس امین الدین خان نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے روس میں منعقدہ سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل لیگل فورم میں شرکت کی ہے.
آئینی عدالت کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق سینٹ پیٹرزبرگ لیگل فورم میں عالمی عدالتی تعاون اور آئینی امور پر چیف جسٹس امین الدین خان نے پاکستان کی نمائندگی کی اور انہوں نے اس موقع پر ترکیہ کے وزیرِ انصاف اکین گورلیک سے ملاقات کے دوران عدالتی تعاون کے فروغ پر گفتگو کی.
چیف جسٹس امین الدین خان نے تاجکستان کے چیف جسٹس رستم پیراخمادووچ مرزوزادہ سے ملاقات کے دوران عدالتی روابط مضبوط بنانے پر اتفاق کیا اس موقع پر چیف جسٹس امین الدین خان نے روسی فیڈریشن کونسل میں روس۔پاکستان فرینڈشپ گروپ کے سربراہ سینیٹر ولادیمیر چیزوف سے بھی ملاقات کی اس موقع پر پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی بھی موجود تھے.

ان ملاقاتوں میں آئینی قانون، عدالتی اصلاحات، قانونی مہارت کے تبادلے اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔جسٹس امین الدین خان کا کہنا تھا کہ کہ وفاقی آئینی عدالت پاکستان عالمی عدالتی تعاون اور آئین کی بالادستی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
عدالتی اعلامیہ کے مطابق سینٹ پیٹرزبرگ انٹرنیشنل لیگل فورم میں چیف جسٹس کی شرکت پاکستان کے عالمی قانونی و عدالتی کردار کی عکاس ہے۔جس میں چیف جسٹس امین الدین خان نے عالمی قانونی شخصیات سے اہم ملاقاتیں کی اور بین الاقوامی عدالتی تعاون کے نئے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔


