شکارپور(ای پی آئی) صوبہ سندھ کے ضلع شکارپور کی تحصیل خانپور شہر میں زہریلا کھانا کھانے سے ایک ہی خاندان کے 10 سے زائد افراد بے ہوش، 3 معصوم بچے جاں بحق ہوگئے۔

افسوس ناک واقعہ شہری گلزار قریشی کے گھر میں مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے پیش آیا۔زہریلا کھانا کھانے سے ایک ہی خاندان کے 10 سے زائد افراد کی حالت غیر ہوگئی جنہیں تشویشناک حالت میں علاج کے لیے شکارپور اسپتال منتقل کیا گیا۔

دورانِ علاج 5 سالہ زین ولد دلاور قریشی اور 3 سالہ گل زیب ولد گلزار قریشی،مسکان قریشی جاں بحق ہوگئے۔ جبکہ بیہوش ہونے والوں میں گلزار احمد قریشی، دلاور، ماہ نور، مسکان سمیت دیگر اہلِ خانہ شامل ہیں۔

اہلِ خانہ کے مطابق گھر میں موجود چاول کھانے کے بعد تمام افراد کی حالت خراب ہوئی، الٹیاں اور بے ہوشی کی شکایت پر تمام متاثرہ افراد کو شکارپور اسپتال منتقل کیا گیا۔ تین معصوم بچوں کی ہلاکت کے باعث گھر میں کہرام مچ گیا، جبکہ واقعے پر اہلِ خانہ شدید صدمے سے دوچار ہیں