اسلام آباد(ای پی آئی) یومِ آزادی کے موقع پر حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد کی ناظمہ قدسیہ ناموس نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کا قیام محض ایک خطۂ زمین کے حصول کے لیے نہیں بلکہ ایک نظریے اور مقصد کے تحت عمل میں آیا تھا۔ برصغیر کے مسلمانوں نے ایک ایسی ریاست کے قیام کے لیے جدوجہد کی تھی جہاں کلمۂ طیبہ کی بنیاد پر اسلامی، جمہوری اور فلاحی نظام قائم ہو، تاہم اس مقصد کی مکمل تکمیل کا سفر آج بھی جاری ہے۔
قدسیہ ناموس نے کہا کہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی، جمہوری اور فلاحی ریاست بنانا ہماری جدوجہد کا مقصد ہے۔ ایسا نظام ضروری ہے جس میں عوام کے بنیادی حقوق محفوظ ہوں، حکمران خود کو عوام کا حاکم نہیں بلکہ خادم اور محافظ سمجھیں، قانون کی بالادستی قائم ہو اور کرپشن، ناانصافی اور بدامنی کا خاتمہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام اداروں کو اپنی آئینی و قانونی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور مؤثر انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔ ملک کے دفاع کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ معاشی استحکام بھی قومی ترجیح ہونی چاہیے، کیونکہ مضبوط معیشت کے بغیر ایک مضبوط اور خودمختار پاکستان کا خواب مکمل نہیں ہو سکتا۔
ناظمہ حلقہ خواتین نے کہا کہ پاکستان کی بڑی نوجوان آبادی ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ ہے۔ نوجوانوں کو معیاری تعلیم، فنی تربیت، روزگار اور بالخصوص آئی ٹی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرتے ہوئے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کر سکیں۔
قدسیہ ناموس نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت کی بنیاد ہے، اس لیے کسان کو اس کی محنت کا جائز حق، زراعت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور ملکی پیداوار بڑھانے کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔ اسی طرح خواتین کے احترام، تحفظ اور باوقار کردار کو یقینی بنانا اور خاندانی نظام کو مضبوط بنانا ایک صحت مند معاشرے کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش مشکلات مایوسی کا سبب نہیں بننی چاہئیں۔ قوم کو اپنے مستقبل سے امید وابستہ رکھتے ہوئے اصلاح اور تعمیر کے سفر میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاکستان کی ترقی اور استحکام کا راستہ دیانت دار قیادت، مضبوط اداروں، قانون کی بالادستی اور اسلامی اصولوں پر مبنی جمہوری و فلاحی نظام سے ہو کر گزرتا ہے۔
قدسیہ ناموس نےکہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کو ایک ایسا ملک بنانے کی جدوجہد جاری رکھے گی جہاں عدل، آزادی، خوشحالی، امن اور عوامی حقوق کا تحفظ ہو اور پاکستان اپنے قیام کے حقیقی مقصد سے ہم آہنگ ایک مضبوط، باوقار اور اسلامی جمہوری ریاست کے طور پر دنیا کے سامنے اپنا کردار ادا کرے.


