راولپنڈی ( ای پی آئی) الخدمت رازی ہسپتال راولپنڈی کے شعبہ یورولوجی اور کڈنی ٹرانسپلانٹ نے طبی خدمات کے میدان میں ایک نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے ہسپتال کا پہلا کامیاب کڈنی ٹرانسپلانٹ (گردے کی پیوند کاری) مکمل کر لیا ہے۔
یہ کامیابی راولپنڈی، اسلام آباد اور گرد و نواح کے وسیع علاقوں کے غریب اور متوسط طبقے کے لیے سستی اور معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی میں ایک انقلابی قدم ثابت ہوگی۔
ہسپتال کے ماہرِ یورالوجسٹس اور ٹرانسپلانٹ سرجنز کی نگرانی میں یہ پیچیدہ آپریشن انتہائی کامیابی کے ساتھ سرانجام پایا۔ مریض اور گردہ عطیہ کرنے والی اس کی اہلیہ دونوں تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔
یہ تاریخی کامیابی الخدمت رازی ہسپتال کے اس طویل اور مخلصانہ سفر کا تسلسل ہے جس کا آغاز 2006 میں محض ایک او پی ڈی اور خدمت کے ایک بڑے خواب سے ہوا تھا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور مخیر حضرات کے تعاون سے آج یہ ادارہ 250 بستروں پر مشتمل ایسے جدید ہسپتال کی شکل اختیار کر چکا ہے جس پر ہر خاص و عام کا بھرپور اعتماد ہے۔
رازی ہسپتال میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کاروبار نہیں بلکہ ایک خدمت ہے۔ یہاں تمام طبی سہولیات بغیر منافع (لاگت کی بنیاد پر) فراہم کی جاتی ہیں تاکہ معیاری علاج ہر ایک کی پہنچ میں ہو۔ ہسپتال کی اصل روح ہمدردی ہے، اسی لیے جو مریض علاج کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے، انہیں کبھی واپس نہیں لوٹایا جاتا بلکہ عزتِ نفس کے ساتھ ان کا علاج "فی سبیل اللہ” کیا جاتا ہے۔
اس تاریخی موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین الخدمت رازی ہسپتال راولپنڈی، ابو عمیر زاہد اور ایم ایس ڈاکٹر عثمان ظفر نے تمام ڈاکٹرز اور انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا: "عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد نے ہماری ذمہ داریوں میں اضافہ کر دیا ہے۔
روزانہ ہزاروں مریضوں کی آمد کے پیشِ نظر ہسپتال اس وقت توسیع کے اہم ترین مرحلے سے گزر رہا ہے، جہاں نئے أپریشن تھیٹرز کی تعمیر ، ڈائبیٹک فٹ کلینک، بریسٹ سرجری یونٹ اور مختلف وارڈز پر کام جاری ہے۔ چیئرمین رازی نے مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ عوام کی مشکلات کم کرنے اور اپنی أخرت سنوارنے کیلیے صدقہ جاریہ کے اس مشن میں ہمارا ہاتھ بٹائیں۔
انہوں کے مریض کی اہلیہ کے جذبہ قربانی کو بھی بے حد سراہا جنہوں نے اپنے شوہر کی زندگی میں آسانی لانے کیلیے خوشی خوشی اپنے گردہ کا عطیہ دیا ۔ چیئرمین رازی نے انکے اس قدم کو معاشرے کیلیے قابل تقلید قرار دے دیا ۔


