لاہور(ای پی آئی ) 16 نومبر2019کو سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بھائی سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے لاہورہائیکورٹ میں دو الگ الگ بیان حلفی جمع کرائے گئے تھے۔

دونوں بھائیوں کی جانب سے اپنے بیان حلفی 50، 50 روپے کے الگ الگ اسٹامپ پیپرز پر لکھ کر جمع کرائے گئے۔

نواز شریف کا بیان حلفی
میں میاں محمد نواز شریف ولد مرحوم میاں محمد شریف شناختی کارڈ نمبر3520153698367 حلفا کہتا ہوں کہ میں ماضی کی طرح پاکستان واپس آکر قانونی عمل کا سامناکروں گا بیان حلفی میں لکھا گیا کہ میں 4ہفتوں میں یا جیسے ہی میرےڈاکٹرز نے مجھے صحت مند اور سفر کے قابل قراردیا فوراً واپس آجاؤں گا۔
نواز شریف نے بیان حلفی میں مزید کہا تھا کہ میں اپنے بھائی کی جانب سے دی گئی انڈر ٹیکنگ (بیان حلفی) کا پابند ہوں۔

شہباز شریف کا بیان حلفی
میں میاں محمد شہباز شریف ولد مرحوم میاں محمد شریف شناختی کارڈ نمبر3520030856293حلفا کہتا ہوں کہ میں اپنے بھائی میاں محمد نوازکی 4 ہفتوں میں وطن واپسی کو یقینی بناؤں گایا انکے صحت یاب ہونے اور ڈاکٹروں کی جانب سے اجازت ملنے پرنواز شریف کی وطن واپسی یقینی بناؤں گا

شہباز شریف نے بیان حلفی میں مزید کہا تھاکہ وہ حلفا کہتے ہیں کہ نوازشریف کے ڈاکٹرزکی جاری کردہ طبی رپورٹس متعلقہ سفارتخانے سے تصدیق کے بعدرجسٹرار ہائیکورٹ کے دفتر میں جمع کروائیں گے۔

شہباز شریف نے کہا تھا کہ میں یہ بھی حلف دیتا ہوں کہ کہ اگر کسی بھی سطح پر وفاقی حکومت کو مصدقہ اطلاع ملی کہ میاں محمد نواز شریف بیرون ملک قابل سفر حال میں رہ رہے ہیں تو پاکستان ہائی کمیشن کا نمائندہ ان کے معالج سے ملاقات کرکے ان کی صحت کی تصدیق کرنے کا مجاز ہو گا۔