گھوٹکی (ای پی آئی) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کے ٹرین پر جاری کارواں کا اگلا پڑاؤ ملتان ہوگا، پورا پاکستان اس تحریک کے ساتھ کھڑا ہوا ہے، جو حکومت کی بات کرتے ہیں وہ آج رسوا ہورہے ہیں
گھوٹکی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہماری تحریک کامیابی کی طرف بڑھ رہی ہے، حکومت کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کریں گے، ہم پچیس کروڑ عوام کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، اہلیان سندھ نے اپنا زبردست کردار ادا کیا ہے، ہم پورے پاکستان کو جوڑ کر ایک اکائی بن رہے ہیں،ملک پر مسلط اور قابض مافیہ کا مقابلہ کریں گے، جو ہمیں لوٹنے کے لیئے ایک ہو جاتے ہیں،
انہوں نے کہاکہ مسلط حکمران ہمیں سندھی پنجابی مہاجر بلوچ پشتون میں تقسیم کرتے ہیں،اب ہم سب متحد ہوکر انکو تقسیم و منتشر کریں گے، یہ پیپلز پارٹی کا وہ گھوٹکی ہے جہاں کے ایک اسکول میں اکیس بچے اور پچاس استاد ہیں، یہ گورننس ہے پیپلز پارٹی کی سندھ میں جہاں عوام کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں سندھ میں وڈیرہ شاہی نظام ہے جہاں ہاریوں کو انکا حق نہیں ملتا.
ان کا کہنا تھا کہ کچے اور پکے کے ڈاکؤں نے عوام کا جینا محال کیا ہوا ہے، جماعت اسلامی کی جدوجہد مظلوموں کی آزادی کے لیئے پیغام ہے.


