اسلام آباد: ایڈووکیٹ ایمان مزاری اور ایڈووکیٹ ہادی علی چٹھہ کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت تفتیشی افسر اور متعلقہ ریکارڈ دستیاب نہ ہونے کے باعث 13 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت استغاثہ کی جانب سے تفتیشی افسر اور کیس کا ریکارڈ عدالت میں پیش نہ کیا جاسکا۔

عدالت کی جانب سے تفتیشی افسر اور ریکارڈ پیش کرنے کے لیے استغاثہ کو موقع دیا گیا، تاہم مطلوبہ ریکارڈ دستیاب نہ ہونے کے باعث ضمانت کی درخواستوں پر کارروائی آگے نہ بڑھ سکی۔

بعد ازاں عدالت نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی جانب سے وکلا نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ قانون کے مطابق کیا جائے، جبکہ استغاثہ کی جانب سے کیس کا ریکارڈ پیش کیے جانے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔