اسلام آباد(ای پی‌آئی) امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کے ذریعے عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈال رہی ہے، وزیراعظم کا ریلیف پیکیج ناکافی ہے، حکومت فوری طور پر پٹرولیم لیوی ختم کرے۔

جہلم میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پٹرولیم لیوی ٹیکسز کے خلاف جماعت اسلامی کی دستخطی مہم میں ہزاروں لوگوں نے دستخط کرکے جماعت اسلامی کے موقف کی تائید اور حمایت کر دی ہے، انھوں نے کہا ہم قوم کے پسے ہوئے طبقے کی آواز بلند کرتے رہیں گے اور احتجاج، ریلیوں اور مارچ کا سلسلہ ریلیف ملنے تک جاری رہے گا اور حکمرانوں کو اپنی عیاشیاں ختم کرنا پڑیں گی۔

جماعت اسلامی ضلع جہلم کے اجتماع ارکان سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی فرد یا خاندان کے لیے نہیں بلکہ عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹراسامہ رضی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان اظہراقبال حسن، امیرجماعت اسلامی ضلع جہلم ڈاکٹرقاسم محمود چوہدری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا حکمران اپنی شاہ خرچیاں کم کرنے کے بجائے مہنگائی کا بوجھ عوام پر منتقل کر رہے ہیں، عوام کو ریلیف دینے کے لیے پٹرولیم مصنوعات پر اضافی ٹیکسز اور لیوی کا خاتمہ ضروری ہے، جماعت اسلامی پرامن سیاسی جدوجہد اور مذاکرات پر یقین رکھتی ہے تاہم عوامی مطالبات پر موثر پیش رفت نہ ہوئی تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا.

ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ ملک میں کرپشن، لوٹ مار کا بازار گرم ہے،سیاسی پارٹیوں پر افراد اور خاندانوں کی اجارہ داری سے پارلیمانی جمہوریت کو بے پناہ نقصان پہنچا ہے، اٹھارویں ترمیم کے بعد اختیارات صوبوں کو منتقل ہوگئے تاہم صوبوں نے اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے اور بلدیاتی نظام کو مضبوط کرنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے۔