انسٹاگرام نے مختصر ویڈیوز کے بعد اب طویل دورانیے کی ویڈیوز کے لیے بھی نیا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت منتخب صارفین اور کریئیٹرز 90 منٹ تک کی افقی ویڈیوز پوسٹ کرسکیں گے۔
انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے اس نئے فیچر کا اعلان پلیٹ فارم کی نائب صدر برائے مصنوعات ٹیسا لیونز کے ساتھ شیئر کی گئی 6 منٹ کی ویڈیو کے ذریعے کیا۔
یہ فیچر ابتدائی طور پر امریکا کے بعض کریئیٹرز کے لیے متعارف کرایا گیا ہے، ٹیسا لیونز کے مطابق انسٹاگرام پر تخلیقی مواد کے ذریعے لوگوں کو جوڑنا بنیادی مقصد ہے، جبکہ تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار صرف مختصر ویڈیوز یا تصاویر پر مشتمل پوسٹس تک محدود نہیں۔
نئے فیچر کے تحت طویل ویڈیوز کے ساتھ مختصر پروموشنل کلپس بھی شیئر کیے جاسکیں گے، جو انسٹاگرام ریلز کی صورت میں دکھائی دیں گے۔
صارفین ان مختصر کلپس پر کلک کرکے متعلقہ مکمل ویڈیو بھی دیکھ سکیں گے، اس طرح پوڈکاسٹس اور دیگر طویل ویڈیوز بنانے والے کریئیٹرز اپنی مختصر ریلز کے ذریعے ناظرین کو مکمل مواد تک رسائی دے سکیں گے۔


