بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی کو دل کی تکلیف کے باعث لاہور کے کارڈیالوجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی کو کوٹ لکھپت جیل میں طبیعت خراب ہونے پر کارڈیالوجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز کی ٹیم ان کے مختلف ٹیسٹ اور معائنہ کر رہی ہے ۔
، تاہم ان کے اہلِ خانہ کو منتقلی کے بارے میں اطلاع نہیں دی گئی۔ وکیل رانا مدثر عمر نے بھی ان کی اسپتال منتقلی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی طبی معائنے اور ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔
13 اکتوبر کو لاہور ہائی کورٹ نے ڈاکٹر عظمیٰ خان کو دل کی ادویات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ سماعت کے دوران نورین نیازی کو بھی ادویات، کپڑے، عینک اور اہلِ خانہ و وکلا سے ملاقات کی سہولت دینے کی درخواست کی گئی۔
22 اکتوبر کو عدالت نے پنجاب کے ہوم سیکرٹری اور کوٹ لکھپت جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو طلب کیا تاکہ نظر بندی جاری رکھنے کی وجوہات واضح کی جا سکیں۔
نورین نیازی اس وقت پنجاب حکومت کے احکامات کے تحت حراست میں ہیں۔ ان کی طبیعت خراب ہونے کا واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب عمران خان کی تینوں بہنوں کی نظر بندی میں مزید 30 روز کی توسیع کا معاملہ لاہور ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت رہا ہے۔


