اسلام آباد (ای پی آئی ) وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا ہے جمعہ کو پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لٹر اضافہ ہونا تھا جو نہیں کیا گیا۔مقامی ریفائنریز کے تعاون سے پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لٹر کا ممکنہ اضافہ بھی روک دیا گیا ہے، جبکہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کے فوائد جلد عوام تک پہنچانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پاکستانی معیشت پر بھی مرتب ہوئے ہیں، تاہم حکومت محدود وسائل کے اندر رہتے ہوئے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔وزیراعظم کی اولین ترجیح ملکی وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے عام صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے آئل ریفائنریز سے تعاون کی درخواست کی ہے، آئل ریفائنریز کے تعاون سے عوام کو 15 روپے فی لٹر سستا پٹرول فراہم کرنے کے قابل ہوں گے، ریفائنریز کی مدد سے پٹرول کی قیمتوں کو برقرار رکھا گیا، آج بھی پٹرول کی قیمتوں میں کچھ نہ کچھ ریلیف ملے گا، ریفائنریز نے 3 مہینے کے اندر اتنا منافع کمایا جو برسوں میں نہیں کمایا، جمعہ کے روز پٹرول کی قیمتوں میں 15 روپے کا اضافہ ہونا تھا، مگر ریفائنریز نے اس حوالے سے تعاون کیا، حکومت کیساتھ مل کر 15 ارب کا لوڈ ان ریفائنریز نے اٹھایا ہے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ 13 ملین سے زائد صارف حکومتی ریلیف سے پٹرولیم مصنوعات سے مستفید ہورہے ہیں، کسی کے ساتھ حکومت کوئی زیادتی نہیں کرنا چاہتی، شفاف طریقے سے بین الاقوامی بحران سے نکلنا چاہتے ہیں۔


