اسلام آباد(ای پی آئی) وفاقی آئینی عدالت نے پشاور ہائیکورٹ کو مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) کے تحت ہونے والی گرفتاریوں سے متعلق مقدمات کی سماعت سے روک دیا ہے۔
چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، جس میں صوبائی حکومت کی جانب سے پشاور ہائیکورٹ کے مختلف احکامات کو چیلنج کیا گیا تھا۔
دورانِ سماعت چیف جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے کہ عدالت اس معاملے میں متعلقہ فریقین کو نوٹسز جاری کر رہی ہے۔
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ دیگر فریقین بھی عدالتی حکم کا جائزہ لینے کے بعد اپنی درخواستیں دائر کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ صوبائی حکومت نے ایم پی او کے تحت گرفتاریوں سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کے مختلف احکامات کو وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کر رکھا ہے، جس پر عدالت نے ابتدائی سماعت کے دوران اہم حکم جاری کیا ہے۔


