اسلام آباد (ای پی آئی) امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ہے کہ علامہ محمد اقبالؒ کا فکر و فلسفہ، پیغامِ خودی اور تصورِ پاکستان آج بھی پوری قوم، خصوصاً نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ یومِ اقبال ہمیں پاکستان کو ایک خودمختار، اسلامی، جمہوری اور فلاحی ریاست بنانے کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔

اپنے بیان میں ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ علامہ اقبالؒ نے برصغیر کے مسلمانوں کو خودی، آزادی، اتحاد، خود اعتمادی اور بیداری کا درس دیا، جبکہ نوجوانوں کو شاہین کی بلند پروازی، بلند حوصلگی اور مسلسل جدوجہد کا پیغام دیا تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو پہچان کر ملک کی ترقی میں کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ اقبالؒ کا تصورِ پاکستان محض ایک جغرافیائی خطے کے حصول تک محدود نہیں تھا بلکہ وہ ایسے معاشرے کا خواب دیکھتے تھے جہاں قرآن و سنت کی روشنی میں عدل و انصاف، قانون کی بالادستی اور معاشی مساوات قائم ہو اور ہر شہری کو بنیادی حقوق حاصل ہوں۔

ڈاکٹر طارق سلیم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت سیاسی عدم استحکام، معاشی مشکلات، بدعنوانی، طبقاتی تفریق اور عوامی محرومیوں جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ ان حالات میں فکرِ اقبال سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے قومی خودمختاری، کردار سازی اور حقیقی جمہوری و فلاحی نظام کے قیام کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یومِ اقبال کو محض تقریبات اور رسمی خراجِ عقیدت تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اقبالؒ کے پیغام کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنایا جائے۔ یہی شاعرِ مشرق کو حقیقی خراجِ عقیدت اور پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔