اسلام آباد(ای پی آئی) سپریم کورٹ نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی سزا معطلی سے متعلق درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کو ہدایت دی کہ وہ درخواست کا جائزہ لے کر فیصلہ جاری کرے۔ جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ سزا کے بعد معاملہ غیر موثر ہو چکا ہے، لہٰذا اسلام آباد ہائیکورٹ درخواست پر فیصلہ کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہائیکورٹ درخواست کے قابلِ سماعت ہونے یا نہ ہونے کا جائزہ لے سکتا ہے اور اس پر اٹھائے گئے اعتراضات بھی سن سکتا ہے۔
ایمان مزاری کے وکیل فیصل صدیقی نے مؤقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ میں ان کی درخواست زیرِ سماعت ہے، جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی معاملہ زیرِ التوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ کو کس طرح ہدایت دے سکتی ہے جبکہ معاملہ غیر موثر ہو چکا ہے۔
وکیل فیصل صدیقی نے عدالت سے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ ان کی درخواست کا بے شک قابلِ سماعت ہونے کا جائزہ لے، تاہم درخواست پر اٹھائے گئے اعتراضات بھی سنے جائیں۔


