اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت کے دوران عمران خان سے وکلا کی ملاقات کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کردیں۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بینچ نے دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا، جس میں توقع ظاہر کی گئی کہ وکلا سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ جیل میں ملاقات کے دوران اور اس کے بعد سیاسی معاملات پر گفتگو سے گریز کریں گے اور اپنی بات چیت کو صرف قانونی امور تک محدود رکھیں گے۔

عدالت نے دونوں وکلا کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل کو عمران خان سے ان کی ملاقات کا انتظام کرنے کی ہدایت کی۔ حکم نامے کے مطابق ملاقات کا دورانیہ کم از کم ایک گھنٹہ ہوگا۔

سماعت کے دوران لطیف کھوسہ نے مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان سے ملاقات نہ ہونے کے باعث وہ دلائل دینے سے قاصر ہیں، جبکہ سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ انہیں اپیل پر دلائل دینے کے لیے ہدایات مل چکی ہیں، تاہم ملاقات کا وقت ناکافی تھا۔

عدالت نے متعلقہ آفس کو 190 ملین پاؤنڈ کیس کی اپیلوں کی پیپر بکس بھی سات روز کے اندر تیار کرنے کا حکم دے دیا۔