اسلام آباد(ای پی آئی) پاکستان میں وفاقی آئینی عدالت نے جائیداد کی وراثت سے متعلق اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ وراثتی انتقال کی درستگی یا ریونیو ریکارڈ میں درج اندراجات کسی بھی وارث کو اس کے شرعی حصے سے محروم نہیں کر سکتے۔ جائیداد کی تقسیم اسلامی قانونِ وراثت اور مقررہ قانونی اصولوں کے مطابق ہوگی۔

گیارہ صفحات پر مشتمل فیصلہ چیف جسٹس امین الدین خان نے تحریر کیا۔ عدالت نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے اپیلیں خارج کر دیں۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ وراثت کے معاملات میں محض قرابت داری یا خونی رشتے کی بنیاد پر کسی شخص کو خودبخود حقدار قرار نہیں دیا جا سکتا، بلکہ ورثا کے حقوق کا تعین اسلامی قانونِ وراثت کے مقررہ زمروں کے تحت ہوگا۔

فیصلے کے مطابق بیوہ اور بہنوں کو ان کے مقررہ شرعی حصے دینے کے بعد باقی ماندہ جائیداد پر قانونی عصبہ (مرد رشتہ دار) کا حق ہوگا۔ عدالت نے قرار دیا کہ جب قانونی عصبہ موجود ہو تو رد کا اصول نافذ نہیں کیا جا سکتا۔

عدالت کے مطابق مقررہ شرعی حصص کی ادائیگی کے بعد باقی ماندہ جائیداد چچا زاد بھائی کو ملے گی، جبکہ محض یہ بنیاد کہ کوئی قریبی مرد رشتہ دار موجود ہے، اسے خودبخود وارث نہیں بناتی۔

مقدمے میں شہری محمد اصغر کی وفات کے بعد ان کی جائیداد کی تقسیم کا تنازع زیرِ سماعت تھا۔ عدالت نے وراثتی مقدمے میں چچا زاد بھائی کا دعویٰ درست تسلیم کرتے ہوئے واضح کیا کہ محض ریونیو انٹریز، انتقال یا دیگر قانونی کارروائیاں اصل وراثتی حق کو تبدیل نہیں کر سکتیں۔
FCC decision
قانونی ماہری کی جانب سے وفاقی آئینی عدالت کے اس فیصلے کو وراثتی جائیداد کی تقسیم اور شرعی حصص کے تعین کے حوالے سے اہم قانونی نظیر قرار دیا جا رہا ہے۔