اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی، بشریٰ بی بی کی میڈیکل رپورٹس طلبی کی درخواست پر بھی سماعت ہوئی۔

عدالت نے دوران سماعت بشریٰ بی بی کو جیل میں ہرقسم کی ممکنہ سہولیات دینے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ بشریٰ بی بی کے لیے اسپشلسٹ ڈاکٹر چاہیے تو ڈاکٹر مہیا کیا جائے، بشریٰ بی بی کے سیل میں جوسہولیات کا ایشو ہے وہ بھی حل کریں۔

اس سے پہلے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر وکلا نے آج بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں دلائل شروع نہ کیے، لطیف کھوسہ نے سماعت کے آغاز پر کہا بشریٰ بی بی کی جانب سے نئی درخواست بھی جمع کرائی گئی ہے، اب جوکیفیت ہے اس میں بینائی سے بھی محروم ہوسکتی ہیں۔
دورانِ سماعت وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کے سیل کے روم سے چھوٹے سائز کے سات سانپ برآمد ہوئے ہیں، جنہیں جیل کے اہلکاروں نے مارنے کے بعد اس مقام پر سیمنٹ لگا دیا تھا۔

عدالت نے بشریٰ بی بی کے سیل کی صفائی ستھرائی یقینی بنانے اور ان کی صحت کے معائنے کے لیے خصوصی ڈاکٹر فراہم کرنے کا حکم دیا، تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

چیف جسٹس نے مرکزی اپیلوں پر دلائل شروع کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سماعت پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکلا نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ موکلین سے ملاقات کے بغیر دلائل نہیں دیے جا سکتے، جس پر عدالت نے ملاقات کے لیے مطلوبہ وقت فراہم کیا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ وکلا اپنے جمع کرائے گئے بیانِ حلفی کے مطابق اب مرکزی اپیلوں پر باقاعدہ دلائل کا آغاز کریں تاکہ مقدمے کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔ عدالت اپنے دائرہ اختیار میں آنے والے امور پر قانون کے مطابق مکمل انصاف فراہم کرے گی۔