اسلام آباد(ای پی آئی) اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان نے طلبہ یونین کی بحالی کے لیے پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنے کا اعلان کردیا

اسلام آباد میں منعقدہ ’’نیشنل سٹوڈنٹس ڈائیلاگ اِن ایجوکیشن‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظمِ اعلیٰ صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا ہے کہ طلبہ یونین کی بحالی کے لیے 24 تا 26 نومبر تک پنجاب اسمبلی کے سامنے تین روزہ دھرنا دیں گے، جس میں پنجاب بھر سے طلبہ شریک ہوں گے۔ اسلامی جمعیت طلبہ ملک کی بڑی جامعات میں طلبہ یونین کے انتخابات کرائے گی۔طلبہ کمیونٹی اپنے حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد پر یکسو اور پُرامید ہے، نظام کی ناکامی کا حل نوجوانوں کے پاس ہے، نوجوانوں کو بااختیار بنایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں منعقدہ ’’نیشنل سٹوڈنٹس ڈائیلاگ اِن ایجوکیشن‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسلامی جمعیت طلبہ کے زیراہتمام منعقدہ ’’نیشنل سٹوڈنٹس ڈائیلاگ اِن ایجوکیشن‘‘ میں اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل ڈسکشن پینل میں ماہرینِ تعلیم، سیاسی رہنماؤں، وکلاء، صحافیوں اور طلبہ تنظیموں کے ذمہ داران نے خطاب کیا۔

مقررین نے طلبہ یونین کی بحالی سمیت طلبہ کو درپیش تعلیمی مسائل کے حل کے لیے اسلامی جمعیت طلبہ کے مطالبات اور موقف کی حمایت کی۔ ڈائیلاگ میں معتمدِ عام اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان ابوذر غفاری،اسسٹنٹ سیکرٹریزعمیس عزیز،حسن امین، ناظم خیبرپختونخوا اسفندیار عزت اور ناظم اسلام آباد حاشر عباسی اور دیگر بھی موجود تھے۔

صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا کہ طلبہ کمیونٹی کو اپنے حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد اور مزاحمت کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔ طلبہ اپنے حقوق کے لیے ہمیشہ جدوجہد کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی اپنے جائز حقوق کے حصول کے لیے بھرپور آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ یونین کی بحالی جمہوری عمل کی مضبوطی اور طلبہ کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔ طلبہ کو فیصلہ سازی کے عمل میں مؤثر نمائندگی دیے بغیر تعلیمی نظام میں حقیقی بہتری ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی کے بجٹ پر کٹ لگا ہوا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ایچ ای سی کے بجٹ میں 300 فیصد اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔ آئین کے آرٹیکل 25-A کے تحت ہر شہری کو تعلیم دینا ریاست کی ذمہ داری ہے، لیکن اس کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ عدالتی نظام پر بھی سوالیہ نشان ہے۔ تعلیم نیشن بلڈنگ کا واحد ذریعہ ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان جی ڈی پی کا 0.8 فیصد سے بھی کم تعلیم پر خرچ کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کے لیے آواز اٹھانا کسی پر احسان نہیں بلکہ پاکستان کے مستقبل کی فکر ہے۔صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، نظام کی ناکامیوں کا حل نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں فیصلہ سازی کے عمل میں شریک کرنے میں ہے۔ طلبہ یونین کی بحالی کے لیے اسلامی جمعیت طلبہ اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔