امریکی مصنوعی ذہانت (AI) کی معروف کمپنی اینتھروپک کی اسٹاک مارکیٹ میں تاریخی شمولیت نے ٹیکنالوجی کی دنیا میں تہلکہ مچا دیا، کمپنی کے حصص کی شاندار شروعات کے باعث ایک ہی روز میں 5 ہزار سے زائد ملازمین کروڑ پتی بن گئے۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹس اور جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، نیس ڈیک (Nasdaq) میں لسٹنگ کے موقع پر کمپنی کی مارکیٹ ویلیو 2 ٹریلین ڈالر تک جا پہنچی، جس کے بعد اس نے رواں برس جون میں ہونے والی اسپیس ایکس کی لسٹنگ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
دستاویزات اور مارکیٹ رپورٹس کے مطابق کمپنی نے اپنے حصص کی ابتدائی عوامی پیشکش (IPO) کی قیمت 83 ڈالر فی شیئر مقرر کی تھی، جس کے بعد ملازمین کے پاس موجود حصص کی مالیت میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ستمبر 2026 تک کمپنی میں ملازمین کی کل تعداد 5300 تھی، جن میں سے تقریباً 5100 ملازمین کے حصص کی مالیت 10 لاکھ ڈالر سے زیادہ ہو چکی ہے۔ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ تقریباً 2800 ملازمین کے حصص 1 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے حامل ہیں، جبکہ لگ بھگ 600 ملازمین ایسے ہیں جن کے حصص کی مالیت 10 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔
2021 میں قائم ہونے والی اینتھروپک کے ملازمین کی تعداد 2024 کے اختتام پر ایک ہزار سے بھی کم تھی، جو چند برسوں میں بڑھ کر 5 ہزار سے تجاوز کرگئی۔
ٹیکنالوجی کمپنیوں میں ملازمین کو تنخواہ کے ساتھ کمپنی کے حصص دینے کا طریقہ نیا نہیں، تاہم اینتھروپک کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی سٹاک مارکیٹ میں شمولیت کے ساتھ بعض ملازمین کو پہلے ہی روز اپنے حصص کا کچھ حصہ فروخت کرکے رقم حاصل کرنے کا موقع بھی ملا۔
یوں مصنوعی ذہانت کی تیزی سے بڑھتی ہوئی صنعت نے صرف کمپنی کے سرمایہ کاروں ہی نہیں بلکہ ہزاروں ملازمین کو بھی راتوں رات کروڑ پتی بنا دیا۔


