شہر بھر میں جلسے، جلوسوں، ریلیوں، دھرنوں اور مظاہروں کے انعقاد پر مکمل پابندی
لاہور (ای پی آئی)ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے ضلع لاہور میں دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید 3 روز کی توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت یہ پابندی 29 نومبر تک برقرار رہے گی۔*
شہر بھر میں جلسے، جلوسوں، ریلیوں، دھرنوں اور مظاہروں کے انعقاد پر مکمل پابندی ہوگی۔عوامی مقامات، سڑکوں اور کھلی جگہوں پر 5 یا اس سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔غیر قانونی اجتماعات کے لیے لوگوں کو اکسانے پر بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔
شادی بیاہ کی تقریبات، نمازِ جنازہ اور تدفین پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔ مساجد، گرجا گھروں اور عبادت گاہوں میں باقاعدہ عبادات کی ادائیگی کی اجازت ہوگی۔ سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے فرائض اور عدالتی کارروائی بھی اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔انتظامیہ کے مطابق یہ توسیع حساس سیکیورٹی خدشات اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے کی گئی ہے


