تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور اعلیٰ عسکری حکام کی شرکت
اسلام آباد (ای پی آئی) پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا تیسرا اجلاس آج اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور اعلیٰ عسکری حکام شرکت کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے سیکرٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ معاہدے کے تحت قائم سیاسی و دفاعی کمیٹی کا پاکستان میں یہ پہلا اجلاس ہے، جس میں اجتماعی دفاع کے لیے طریقہ کار اور اس پر عملدرآمد کے نظام کو حتمی شکل دینے پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں استنبول اور ریاض میں ہونے والے سابقہ اجلاسوں کے فیصلوں پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ شرکا سعودی عرب کی سرزمین اور اہم تنصیبات پر یمنی حوثیوں کے حملوں کی مذمت کے ساتھ سعودی عرب کے مؤثر دفاع کے لیے حکمت عملی اور دیگر متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے ایجنڈے میں بحیرہ احمر میں بحری آمدورفت، تجارتی سرگرمیوں اور سلامتی کی صورتحال بھی شامل ہے، جبکہ تینوں ممالک کے نمائندے وسیع تر علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر بھی غور کریں گے۔
اسلام آباد اجلاس کا بنیادی مقصد پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی تعاون کو مضبوط بنانا، عسکری رابطہ کاری بہتر بنانا اور اجتماعی دفاع کے عملی نظام کو آگے بڑھانا ہے۔


