لاہور(ای پی آئی) پنجاب اور وفاقی پولیس نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات لاہور ہائیکورٹ میں جمع کروا دیں.
رپورٹ میں عدالت کو آگاہ کیا گیا ہے کہ فواد چودھری کیخلاف ریکارڈ کے مطابق 5 مقدمات درج ہوئے،پنجاب میں فواد چودھری کیخلاف 3 مقدمات جبکہ اسلام آباد میں 2 مقدمات درج ہوئے،جن میں سے 2 مقدمات خارج، 1 میں بے گناہ اور 2 مقدمات زیر التوا ہیں. آئی جی پنجاب نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ فواد چوہدری کیخلاف 2 مقدمات خارج ہوچکے ہیں،جہلم میں 13 اکتوبر 2022 کو درج ہونے والا مقدمہ خارج ہو چکا ہے،فواد چودھری کیخلاف 25 ستمبر 2022 کو فیصل آباد میں درج مقدمہ بھی خارج ہوچکا ہے، رپورٹ کے مطابق فواد چودھری کیخلاف 30 اپریل 2022 کو درج ہونے والے مقدمے میں بھی بے گناہ قرار دیا گیا ہے.
آئی جی اسلام آباد کی رپورٹ میں عدالت عالیہ کو آگاہ کیا گیا ہے کہ 22 اگست 2022 کو مقدمہ تھانہ آبپارہ میں درج ہوا، 25 جنوری 2023 کو تھانہ کوہسار میں فواد چودھری کیخلاف مقدمہ درج ہوا،
عدالت نے درخواست پر سماعت بارہ بجے تک ملتوی کردی
یاد رہے کہ فواد چوہدری کے رشتےدار نبیل شہزاد نے مقدمات کے ریکارڈ کے لیے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کررکھی ہے.


