اسلام آباد (عابدعلی آرائیں ) پاکستان میں لاپتہ افرادکی بازیابی کےلئے بنائے گئےکمیشن نے دعوی کیا ہے کہ سال 2023کے پہلے مہینے میں24لاپتہ افراد اپنے گھرواپس پہنچے ہیں ۔
ایگزیکٹ پریس انٹرنیشنل (ای پی آئی نیوز) کو دستیاب کمیشن کی تحریری رپورٹ کے مطابق کمیشن نے سال 2023کے پہلے مہینے میں 37لاپتہ افراد کے مقدمات نمٹادیئے ہیں جس کے بعد کمیشن کے پاس زیر التوا درخواستوں کی2255رہ گئی ہے۔بارہ سال قبل قائم کئے گئے کمیشن کو اب تک کل 9294لاپتہ افراد کی بازیابی کےلئے درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں 7038درخواستیں نمٹا دی گئی ہیں ۔ کمیشن کی رپورٹ کے مطابق جنوری میں کمیشن کو کل 91لاپتہ افراد کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق جنوری 2023میں 37لاپتہ افراد سے متعلق درخواستیں نمٹائی گئی ہیں کمیشن نے گذشتہ ماہ 27 لاپتہ افراد کو ٹریس کیاجن میں سے 24لاپتہ شہری اپنے گھرواپس پہنچ چکے ہیں جبکہ تین افراد کی جیلوں میں موجودگی کی تصدیق ہوئی اور دس درخواستیں اس بنیاد پر نمٹائی گئی ہیں کہ یہ افراد لاپتہ شہریوں کے ذمرے میں نہیں آتے۔
کمیشن نے رپورٹ میں لکھاہے کہ جنوری میں بلوچستان کے 77لاپتہ افراد کے مقدمات کمیشن کو موصول ہوئے ہیں ، یہ مقدمات کمشنر مکران ڈویژن، بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سوشل ورکر نصراللہ بلوچ اور بلوچستان کے محکمہ قبائلی امور کی طرف سے بھجوائے گئے ہیں ان لاپتہ افراد کے مقدمات سال 2015سے 2022کے عرصے کے دوران کے ہیں۔



