اسلام آباد(ای پی آئی)اسپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی کی تقریبات شایان شان طریقے سے منائی جائیں گی،
گولڈن جو بلی کی تقریبات کے انعقاد کا مقصد ملک میں بسنے والے لوگوں کو آئین کی اہمیت سے روشناس کرانا، پاکستان کو ایک جامع دستور دینے والی باکمال دستور ساز اسمبلی کو خراج تحسین پیش کرنا اور اداروں کے درمیان آئین کی حدود میں رہتے ہوئے اپنے فرائض کی انجام دہی کی افادیت کو اجاگر کرنا ہے۔
اسی حوالے سے صدر سینیٹر صدر میاں رضا ربانی کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی مہینہ بھر کی تقریبات کا باقاعدہ پروگرام مرتب کرے گی۔ابتدائی طور پر یہ طے ہوا ہے کہ گولڈن جوبلی کی تقریبات کے موقع پر خصوصی طور پر تیار کردہ یادگار کا افتتاح کیا جائے گا،اسکولوں اور کالجوں میں آئین پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے تقریری مقابلے کا انعقاد کیا جائے گا،
ایک بین الاقوامی آئینی کنونشن منعقد کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے،مزید برآں سول سوسائٹی اور سماجی اداروں کے ساتھ مل کر دستور پاکستان کو مزید بہتر اور فعل بنانے کے لیے کاوشوں کا اہتمام بھی کیا جائے گا،تقریبات کے انعقاد کے کے حوالے سے بننے والی ایڈوائزری کمیٹی میں سینیٹر میاں رضا ربانی کے علاوہ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرقانون سینٹر اعظم نذیر تارڑ، سینیٹر کامران مرتضی، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، ممبران قومی اسمبلی آغا حسن بلوچ، امیر حیدر اعظم خان، ڈاکٹر نفیسہ شاہ، محمد افضل خان ڈھانڈلہ، وجیہہ قمر، انجینئر صابر حسین قائم خانی، خالد حسین مگسی شامل ہوں گے،
علاوہ ازیں سابقہ سینیٹر فرحت اللہ بابر اور پارلیمانی امور کے ماہر محمد ظفر اللہ خان بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے ۔


