اسلام آباد(ای پی آئی)ملک بھر کے سینئر صحافیوں اور اینکرز پرسنز نے سینئر صحافی اور بول نیوزکے اینکر عمران ریاض خان کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔سوشل میڈیا پر سینئر صحافی اور جیونیوز کے اینکر حامد میر نے لکھا ہے کہ” میں نے اس وقت بھی بہت سے صحافیو ں کی گرفتاریوں کی مذمت کی تھی جب عمران خان اقتدار میں تھے اور آج بھی صحافیوں کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہوں جب شہباز شریف اقتدار میں ہیں ۔صحافی عمران ریاض کی گرفتاری شرمناک ہے ”۔

سینئر صحافی مظہر عباس نے عمران ریاض کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے لکھا ہے کہ” میں اس گرفتاری پر حیران ہوں کہ حکومت اور ریاست اس طرح کے اقدامات سے کیا حاصل کرنا چاہتی ہے ،اس طرح کی پالیسیاں ماضی میں غیر مفید رہی ہیں ماضی کی غلطیوں سے سیکھنا چاہیے انھیں دہرانا نہیں چاہیے”۔

سینیئر صحافی ارشاد بھٹی نے لکھا ہے کہ رات کے آخری پہر فواد چوہدری کو بغیر وارنٹ گھر سے اٹھانا ،آدھی رات کو بغیر وارنٹ کے پرویز الہی کے گھر ریڈ کرنا ،آدھی رات کو شیخ رشید کی گرفتاری ،ڈھلتی رات ق لیگ کے عامر سعید کو پکڑ لینا ،رات کے تیسرے پہر دوست عمران ریاض کی گرفتاری ۔ پیاری پی ڈی ایم جب دن چڑھے گا تو کالی راتوں کے کالے کرتوتوں کا کیا جواب دو گے ؟

سینئر صحافی شاہین صہبائی نے لکھا ہے کہ عمران ریاض پھر گرفتار ،جیسے حکومت اور گھبرائے گھبرائے ، سہولت کار صحافیوں اور لیڈروں کو پکڑ رہے ہیںان کی دماغی حالت پر شک ہوتا ہے مگر زیادہ افسوس میڈیا کے” پہلوانوں” پر ہوتا ہے جو ڈر یا لالچ کی وجہ سے خاموش ہیں اور ایک نیا بہادر چینل ” بول” پہاڑ کی طرح سب کے ساتھ کھڑا ہے۔” بول کی طرح جیو”