اسلام آباد(ای پی آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی مبینہ بیٹی ٹیریان جیڈ کیس کی سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے مبینہ بیٹی کو ظاہر نہ کرنے پرپاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی نااہلی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن بتائے عمران خان کی موجودہ پوزیشن کیا ہے؟

چیف جسٹس نے کہا کہ عمران خان کا اعتراض ہے کہ وہ اب پبلک آفس ہولڈر نہیں، الیکشن کمیشن سے کنفرم کرنا ہے کہ موجودہ پوزیشن کیا ہے، الیکشن کمیشن سے ڈی نوٹیفائی ہونے کا نوٹیفکیشن منگوا لیتے ہیں، درخواست گزار نے عمران خان کا 2018 والا بیانِ حلفی چیلنج کیا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کے وکلا سے استفسار کیا کہ آپ کی جانب سے بینچ پر اعتراض اٹھایا گیا ہے؟وکیل سلمان ابو ذر نیازی نے جواب دیا کہ آپ بہترین جج ہیں، ہم نے صرف کچھ معلومات سامنے رکھی ہیں۔چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ 2018 میں یہ کیس سننے سے معذرت ذاتی وجوہات پر نہیں کی تھی،

اس وقت درخواست گزار نے مخصوص بینچ کے سامنے لگانے کی استدعا کی، بہر حال آپ نے اعتراض اٹھایا تو بینچ کی تشکیلِ نو کر دیتے ہیں، ہم لارجر بینچ کے سامنے یہ معاملہ رکھیں گے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی مزید سماعت 9 فروری تک ملتوی کر دی۔