لاہور(ای پی آئی )پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی )کے 43 سابق ایم این ایز کے استعفوں کی منظوری کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔
تفصیل کے مطابق دائر درخواست میں سپیکر قومی اسمبلی،الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا،ریاض فتیانہ، نصر اللہ خان، طاہر صادق سمیت دیگر نے درخواست دائر کی۔درخواست میں موقف اختیار کیاگیاہے کہ ممبران اسمبلی نے استعفے منظور ہونے سے قبل ہی واپس لے لئے تھے،
استعفے واپس لینے کے بعد سپیکر کے پاس اختیار نہیں کہ وہ استعفے منظور کرے، ممبران اسمبلی کے استعفے منظور کرنا خلاف قانون اور بددیانتی پر مبنی ہے۔درخواست میں مزید کہاگیاہے کہ ممبران قومی اسمبلی کے استعفے عدالت عظمیٰ کے طے کردہ قوانین کے برعکس منظور کئے گئے، سپیکر قومی اسمبلی نے سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے استعفے منظور کئے،استعفے منظور کرنے سے پہلے سپیکر نے ممبران کو بلا کر موقف نہیں پوچھا ،
ارکان اسمبلی کی مرضی کے بغیر استعفے منظور کرنے کااقدام غیر آئینی ہے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے استعفے منظور کرنے کا اقدام کالعدم قرار دے۔


