لاہور(ای پی آئی)لاہور ہائیکورٹ چوہدری پرویز الہی کے مشیر عامر سعید راں کی بازیابی کی درخواست پرسماعت ہوئی، آئی جی پنجاب نے عامر سعید راں کی بازیابی کے لیے تین دن کی مہلت کی استدعا کی،
عدالت نے آئی جی پنجاب کی استدعا منظور کرتے ہوئے 9 فروری تک سماعت ملتوی کردی،عدالت کے روبرو آئی جی پنجاب نے بتایاکہ عامر سعید راں کی بازیابی کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔مجھے وکلا کمیونٹی کی پریشانی کا احساس ہے، پولیس نے مختلف کیمروں سے مدد حاصل کی ہے۔بہت سارے کیمرے کام کررہے ہیں کچھ کیمرے کام نہیں کررہے۔
عدالت نے آئی جی سے استفسار کیا کہ کیا گاڑی میں کوئی ٹریکر موجود ہے،جس پر آئی جی نے کہا کہ گاڑی میں ٹریکر موجود ہے اگر ایلمونیم کی چادر ڈال دی جائے تو ٹریکر کام نہیں کرتا۔عامرسعید راں کے وکیل نے کہا کہ یہ وقت دینے کا نہیں بلکہ نیت کا معاملہ ہے۔
عدالت نے کہا کہ عامر سعید راںمغوی عامر سعید پاکستانی شہری ہے اس کے بھی حقوق ہیں۔وکیل نے کہا کہ عامر سعید کاواٹس ایپ اور سنیپ چیٹ کل آن ہوا تھا۔عدالت نے آئی جی کو مہلت دیتے ہوئے سماعت9فروری تک ملتوی کر دی ۔


