اسلام آباد(ای پی آئی)پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمر)نے ریپ کا نشانہ بننے والی خاتون کی شناخت ظاہرکر نے پر اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں خاتون کے ساتھ مبینہ گینگ ریپ کے کیس کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کردی ہے۔
پیمرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ انتہائی تشویش کے ساتھ اس بات کا مشاہدہ کیا گیا ہے کہ چند ٹی وی چینلز ایف نائن پارک میں ریپ کے واقعے کے حوالے سے رپورٹس نشر کر رہے ہیں جن میں ریپ کا نشانہ بننے والی خاتون کی شناخت ظاہر کی گئی ہے جو کہ پیمرا الیکٹرانک میڈیا (پروگرامز اور اشتہارات) ضابطہ اخلاق 2015 کی شق 8 کی خلاف ورزی ہے۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ آرڈیننس 2002 کے سیکشن 27 (اے) کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ایف نائن پارک واقعے کے حوالے سے خبروں/رپورٹوں کی نشریات یا دوبارہ نشریات فوری طور پر ممنوع قرار دی جارہی ہے۔
پیمرا کی جانب سے واضح کیا گیا کہ خلاف ورزی کی صورت میں چینلز کے لائسنس کو بغیر کسی شوکاز نوٹس کے پیمرا آرڈیننس 2002 کے سیکشن 30 (3) کے تحت معطل کیا جا سکتا ہے۔


