اسلام آباد(ای پی آئی)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے برادر ممالک ترکیہ اور شام میں 100 سالہ تاریخ کے بدترین زلزلے نے جو تباہی مچائی ہے اس کے نتیجے میں ہزاروں افراد اللہ کو پیارے، لاکھوں لوگ بے گھر جبکہ ہزاروں زخمی ہوئے۔
لاہور میں ترک عوام کے لیے امدادی سامان روانہ کرنے کے موقع پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ اور شام میں ہمارے بھائی انتہائی بے سروسامانی کے عالم میں اپنے پیاروں کو ڈھونڈ رہے ہیں، اتنی تباہی دیکھتی آنکھ نے عصرِ حاضر میں کم ہی دیکھی ہوگی کہ ہر طرف ہولناک مناظر دکھائی دے رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ ترکیہ کے عوام اپنے لیڈر صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں ان مشکلات سے نکلیں گے اور شام کے عوام بھی دلیری سے مشکلات کا مقابلہ کرتے ہوئے اس سے نکلیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام ترک بہن بھائیوں کے ساتھ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، جس دن زلزلہ آیا میں نے فوری طور پر صدر طیب اردوان سے ٹیلی فون سے بات کی اور ان سے گزارش کی کہ پاکستان کے عوام نہ صرف آپ کے ساتھ کھڑے ہیں بلکہ جو خدمت ہمارے لائق ہے، آپ ہمیں حکم دیں ہم اسے ہر طریقے سے بجا لائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کا رشتہ صدیوں سے جڑا ہوا ہے، تحریک خلافت سے بھی پہلے سے یہ بھائی چارہ جاری ہے اور پاکستان ان حالات میں کبھی ترکیہ کو اکیلا نہیں چھوڑے گا۔ان کا کہنا تھا کہ 2005 میں جو پاکستان میں زلزلہ آیا اور 2010 میں جب بدترین سیلاب نے تباہی مچائی تو ترک صدر طیب اردوان خود اپنی اہلیہ کے ساتھ پاکستان آئے اور لاکھوں ڈالر کی امداد پاکستان کو دی، گاں کے گاں نئے بنائے، ہسپتال بنائے۔وزیراعظم نے کہا کہ ترک عوام اور ترک صدر نے پاکستان کے ساتھ اس وقت تک رابطہ قائم رکھا جب تک آخری فرد اپنے گھر میں دوبارہ بس نہیں گیا، یہ ترکیہ اور پاکستان کی کہانی ہے جو ایک خاندان کی کہانی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں یہاں موجود ترک قونصل جنرل امین الحزبے سے کہنا چاہتا ہوں کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اس مصیبت کی گھڑی میں آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور جو کچھ ہماری بساط میں ہے ہم ترک عوام کی خدمت میں پیش کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ جس وقت یہ سانحہ رونما ہوا ہم نے اسی رات پاک فوج کی سرچ اور میڈیکل ٹیمز روانہ کردیں اور ایئر برج قائم ہوچکا ہے جس کے ذریعے امدادی اشیا بالخصوص سردی سے محفوظ رکھنے والے خیمے بھیجے۔ان کا کہنا تھا کہ آج اس وقت ترک فضائیہ کا جہاز انہوں نے بھجوایا ہے اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہاں گرم کپڑوں، کمبلوں خیموں اور دیگر اشیا کی کس قدر ضرورت ہے، اس جہاز میں 20 ٹن ونٹرائزڈ خیمے لے کر عوانہ ہوجائے گا۔شہباز شریف نے بتایا کہ آج پاک فضائیہ کا ایک اور جہاز سامان لے کر ترکیہ روانہ ہوگا جبکہ پی آئی کا بوئنگ 777 جہاز بھی ترکیہ روانہ ہوچکا ہے اور آج 100 ٹن سامان لے کر نیشنل لاجسٹک سیل کے ٹرکس ایران کے ذریعے زمینی راستے سے ترکیہ روانہ ہوں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ جب پاکستان میں سیلاب آیا تھا تو ترک خاتون اول نے ترکیہ کے مختلف شہروں میں جا کر مخیر حضرات سے پاکستان کی مدد کرنے کی نہ صرف اپیل کی بلکہ اپنا ذاتی ہار بھی عطیہ کردیا یہی ترک اور پاکستان عوام کی محبت اور یگانگت ہیاور آج ہمیں اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ایک خاندان کی طرح ترک اور شامی بہن بھائیوں کی خدمت کرنی ہے اور ان کا ہاتھ تھامنا ہے۔وزیراعظم نے بتایا کہ انہوں نے چاروں وزرائے اعلی سے بات کی اور گزارش کی اپنے اپنے صوبوں کے ہر ضلع میں عطیات جمع کرنے کے لیے ایک مرکز قائم کریں جہاں رقم اور سامان کی صورت میں امداد وصول کریں جس میں سے رقم وزیر اعظم کے ریلیف فنڈ میں جمع ہوجائے گی اور سامان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)جہازوں یا ٹرکس کے ذریعے ترکیہ پہنچا دے گی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں وزیر مذہبی امور سے گزشتہ روز گزارش کی آج بروز جمعہ ہر مکتبہ فکر کی تمام مساجد میں ترکیہ کے عوام کے لیے دعا اور عطیات کی اپیل کریں۔
انہوں نے بتایا کہ اسی طرح میں وزیر تعلیم اور وزرائے اعلی سے بھی کہی کہ ملک بھر کے اسکولوں میں طلبہ کے والدین سے گزارش کریں کہ وہ 10 روپے فی بچہ ترک بھائیوں اور بہنوں کے لیے عطیہ دیں، اسی طرح کالج اور جامعات میں 15 یا 20 روپے فی طالبعلم عطیہ دینے کا کہا جائے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس سے نہ صرف پوری قوم میں اخوت اور محبت کی لہر دوڑے گی بلکہ دنیا دیکھے گی کہ جب کل پاکستان سیلاب میں گھرا ہوا تھا تو فوری امداد بھیجنے والے ممالک میں ترکیہ سرِ فہرست تھا، انہوں نے میڈیکل ٹیمیں اور جہاز بھر بھر کے امدادی سامان بھجوایا۔ان کا کہنا تھا کہ آج میری پاکستان کے 22 کروڑ عوام، مخیر اور صاحب حیثیت افراد سے اپیل ہے کہ آگے بڑھ کر ترک بہن بھائیوں کا ہاتھ تھامیں، اس سے آپ دین و دنیا دونوں کمائیں گے۔


