اسلام آباد (ای پی آئی ) سپیکر قومی اسمبلی کے آفس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کی قومی اسمبلی کی نشستیں بحال نہیں ہوئیں، اس حوالے سے پی ٹی آئی کا دعوٰی جھوٹا پروپیگنڈہ ہے۔

قومی اسمبلی کے سپیکر پرویز اشرف کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کا تفصیلی فیصلہ قومی اسمبلی کو موصول ہو گیا، استعفوں سے متعلق سپیکر قومی اسمبلی کا فیصلہ برقرار رہے گا۔ محض الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کیا گیا،

عدالت نے الیکشن کمیشن کو ان حلقوں میں دوبارہ انتخاب کروانے سے منع کیا۔ نشستیں بحال ہونے کا پی ٹی آئی کا پروپیگنڈہ جھوٹ پر مبنی ہے۔معاملے پر وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان کا بیان سامنے آیا ہے، ٹویٹر پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے 8 ماہ قومی اسمبلی سے استعفے منظور کروانے پر زور دیا، استعفے منظور ہوتے ہی عمران خان کو پارلیمنٹ یاد آ گئی۔