اسلام آباد (ای پی آئی) وفاقی شرعی عدالت کے فاضل چیف جسٹس ڈاکٹر سید محمد انور نے وفاقی شرعی عدالت کے احاطے میں جسٹس خادم حسین ایم شیخ کے ہمراہ مسجد کا افتتاح کیا اور نمازِ جمعہ کی ادائیگی کی گئی ۔ نمازِ جمعہ کا خطبہ اور نماز سینئر ریسرچ ایڈوائزر وفاقی شرعی عدالت ڈاکٹر مطیع الرحمن نے پڑھائی۔

افتتاحی تقریب میں وفاقی شرعی عدالت اور دیگر حکومتی اداروں کے ملازمین نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ نور مسجد کو وفاقی شرعی عدالت کے سابق چیف جسٹس محمد نور مسکان زئی شہید کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ جسٹس محمد نور مسکان زئی شہید فرزندِ خاران، فخرِ بلوچستان اور ستارہِ پاکستان تھے۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ مسجد ہذا کی تعمیر کے تمام تر اخراجات وفاقی شرعی عدالت کے معزز جج صاحبان، رجسٹرار اور دیگر ملازمین نے اپنی مدد آپ کے تحت کئے اور سرکاری خزانے پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا گیا۔ مسجد، روایتی اسلامی فن تعمیر کو جدید طرز کے ساتھ ملاکر ڈیزائن کی گئی ہے۔

ترجمان شرعی عدالت عصمت علی خاں کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی شرعی عدالت معاشرے کے تمام افراد کے لیے ایک خوش آئند اور جامع ماحول پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس مسجد کا افتتاح اس عزم کی طرف ایک قدم ہے۔