اسلام آباد(ای پی آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گِل نے اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے کیس میں بریت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔

شہباز گِل نے ٹرائل کورٹ سے درخواستِ بریت مسترد ہونے کا فیصلہ عدالتِ عالیہ میں چیلنج کیا ہے۔انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے ٹرائل کورٹ میں کارروائی روکنے کی استدعا بھی کر دی۔شہباز گِل نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ پراسیکیوشن کی جانب سے ایسا کوئی میٹریل نہیں دیا گیا جس پر فردِ جرم لگ سکے۔

انہوں نے موقف اپنایا ہے کہ ٹرائل کورٹ کا آرڈر آئین کے آرٹیکل 10 اے کی خلاف ورزی ہے۔شہباز گِل نے عدالتِ عالیہ سے استدعا کی ہے کہ درخواست منظور کرتے ہوئے کیس سے بری کیا جائے۔اسلام آباد ہائی کورٹ سے انہوں نے یہ استدعا بھی کی ہے کہ درخواستِ بریت پر حتمی فیصلے تک ٹرائل کورٹ کی کارروائی روکی جائے۔