لاہور (ای پی آئی ) مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان نے حکومت گرانے کی امریکی سازش سے متعلق قوم سے جھوٹ بولا، عمران خان کے پاس کوئی معاشی پلان نہیں، صرف جیل بھر دو، مار دو جلا دو کا بیانیہ ہے۔
مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج جب عمران خان کو اندازہ ہو گیا ہے کہ امریکہ سپر پاور ہے اور اس کے خلاف بیان بازی سے حکومت بنانے کے بعد مشکلات کا خدشہ ہے تو حکومت گرانے کا سارا ملبہ جنرل (ر) باجوہ پر ڈال دیا۔ اب کہتے ہیں کہ جنرل باجوہ سپر کنگ تھے تو ایوان صدر میں ان سے چھپ چھپ کر ملاقاتیں کیوں کرتے تھے۔
رجیم چینج کو سازش قرار دینے والا آج خود اپنے بیانئے کو جھٹلا رہا ہے۔قوم کو بتائیں آپ نے امریکہ سے معافی مانگ لی۔آپ کی حقیقی آزادی کے نعرے کا کیا ہوا،ہم کوئی ذہنی غلام ہیں، سائفر ، ابسولوٹلی ناٹ ، امر باالمعروف کی مہم کا کیا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان ذہنی معذور ہیں اور قوم کو بھی اسی سمت لگا دیا۔ملک تقسیم در تقسیم سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ عمران خان کو اقتدار کیلئے بس بیساکھی چاہئے ہوتی ہے، یہ اپنے طور پر حکومت میں آ ہی نہیں سکتا۔ عمران خان کے پاس کوئی معاشی پلان نہیں، صرف جیل بھر دو، مار دو جلا دو کا منفی نظریہ ہے۔ نوجوانوں کو جیل بھرو تحریک پر لگانا ان کے ساتھ بڑی زیادتی ہے، عمران خان کے اپنے بچے تو ملک سے باہر ہیں مگر پاکستان کے نوجوانوں کاخیال نہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ ن لیگ نے ای کامرس اور آئی ٹی سیکٹر میں اقدامات کئے، سی پیک، ایکسپریس وے اور بجلی کے منصوبے شروع کئے، پنجاب حکومت نے تعلیمی شعبے میں بچوں کو وظائف اور لیپ ٹاپ دیئے۔ سستا قرضہ اور کئی ایک سکالر شپ پروگرام شروع کئے، نوازشریف نے کاروبار کیلئے آسان شرائط پر نوجوانوں کو قرضے دیئے۔
عمران خان نے قوم کی ترقی کیلئے کوئی ایک قابل ذکر منصوبہ نہیں دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں جیل بھرو کی بجائے کالج بھرو تحریک شروع ہونی چاہئے۔ ملکی معیشت کی موجودہ صورت حال ایسی نہیں کہ نوکریاں پیدا ہوں، طلبا کو آئی ٹی کے ذریعے آن لائن ذرائع آمدنی کی ٹریننگ دینے کی ضرورت ہے جس سے وہ 2 ہزار ڈالر تک ماہانہ کمائی کر سکتے ہیں۔ہمسایہ ملک بھارت آئی ٹی انڈسٹری میں اتنا آگے نکل چکا ہے، انہوں نے سیلیکان ویلی کی طرز پر منصوبوں پر عمل کیا، پاکستان میں بھی آئی ٹی انقلاب لانے کی ضرورت ہے۔


