کراچی(ای پی آئی)کراچی کی اسٹیل ٹاون پولیس نے سومار گوٹھ میں مقابلے میں 4 زخمی ڈاکووں سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا جن کے قبضے سے اسلحہ اور لوٹے گئے 15 لاکھ روپے برآمد ہوئے ہیں۔

ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 5 پستول اور لوٹی ہوئی رقم 15 لاکھ روپے برآمد ہوئی ہے۔مقابلے میں زخمی حالت میں گرفتار ڈکیت گینگ نے 6 فروری کو گلشنِ حدید سے واردات میں 47 لاکھ روپے لوٹے تھے۔مقابلے میں زخمی ہونے والے ڈاکووں میں محمد سجاول، امیر خان، محمد شاہد، محمد صابر اور غلام محمد شامل ہیں۔

گرفتار ڈاکووں کے 2 ساتھی شعیب اور معین موقع سے فرار ہو گئے۔ایس ایس پی عرفان بہادر کے مطابق زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ملزمان نے دورانِ تفتیش شاہ لطیف ٹاون، بلدیہ ٹاون، سعید آباد، اورنگی ٹاون اور کراچی کے دیگر علاقوں میں وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا ہے، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔