لاہور(ای پی آئی)لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے پنجاب کے 70 ممبران قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کردیا، عدالت نے الیکشن کمیشن کو متعلقہ حلقوں میں ضمنی انتخابات کا انعقاد کروانے سے بھی روک دیا۔
لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس شاہد کریم نے پی ٹی آئی رہنماں شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد عمر اور فواد چودھری سمیت 70 اراکین قومی اسمبلی کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست میں سپیکر قومی اسمبلی اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔
درخواست میں مقف اختیار کیا گیا کہ سپیکر نے استعفے منظور کرنے سے پہلے ممبران اسمبلی کا مقف نہیں لیا اور الیکشن کمیشن نے استعفے منظور ہونے کے بعد ممبران کو ڈی نوٹیفائی کردیا۔عدالت نے پی ٹی آئی اراکین کے استعفے منظور کرنے کے اقدام کو کالعدم قرار دے دیا، عدالت نے الیکشن کمیشن کو متعلقہ حلقوں میں ضمنی انتخابات کا انعقاد کروانے سے بھی روک دیا۔سپیکر کے نوٹیفکیشن سے متعلق سماعت 7 مارچ کو ہوگی۔


