لاہور(ای پی آئی) فتنہ انگیزی اور اشتعال انگیز تقریر کے الزام میں تحریک انصاف کے رہنمائوں فواد چوہدری اور شاہ محمود قریشی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
لاہور میں دونوں رہنماں کے خلاف فتنہ انگیزی اور اشتعال انگیز تقریر کے الزام میں مقدمہ سب انسپکٹر وسیم کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔مقدمے کی ایف آئی آر کے مطابق شاہ محمود اور فواد چوہدری نے زمان پارک میں پریس کانفرنس کی جس کے باعث کینال روڈ بلاک ہوگئی۔ایف آئی آر کے مطابق فواد چوہدری نے فتنہ انگیز اور اشتعال انگیز تقریر کی۔
ایف آئی آر کے مطابق فواد چوہدری نے عوام کو حکومت پاکستان کے ریاستی اداروں کے خلاف اکسایا اور شارع عام پر آمد و رفت میں خلل ڈال کر جرم کا ارتکاب کیا۔مقدمے میں روڈ بلاک، دھمکیوں، اشتعال انگیز تقاریر سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔ایف آئی آر کے مطابق فواد چوہدری نے ریاستی اداروں پر قتل کی منصوبہ بندی کا بھی الزام لگایا۔


